لاہور میں کرونا وائرس کے 4 کیسز سامنے آ گئے

  • February 7, 2020, 10:41 am
  • National News
  • 600 Views

ابوظہبی سے پاکستان آنے والے 4 مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص،مسافر ابو ظہبی سے اتحاد ایئرلائنز کی پرواز ای وائے 243 سے لاہور پہنچے، مسافروں میں 2 چینی اور 2 پاکستانی طالبعلم شامل، تفصیلا ت کے مطابق لاہور ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابوظہبی سے پاکستان آنے والے 4 مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ مسافر ابو ظہبی سے اتحاد ایئر کی پرواز ای وائے 243 سے لاہور پہنچے تھے۔ مسافرو میں 2 چینی اور 2 پاکستانی طالبعلم شامل ہیں۔ چینی طالبعلموں میں نئے وانگ اور ہیلو لیٹونگ اور پاکستانی طالبعلموں میں حارث ستار اور وقاص یاسین شامل ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ فیڈرل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور سی ایم ایچ لاہور کے ڈاکٹروں نے مذکورہ مسافروں کا معائنہ کیا تو ان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جسکے بعد انھیں سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انکے مزید ٹیسٹ ہونگے اور انکا علاج کیا جائیگا۔
مسافروں میں کروونا وائرس کی تشخیص کے بعد ایئر پورٹ پر سکینگ کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے مزید 73 افراد ہلاک ہو گئے جو گزشتہ ماہ سے پھیلنے والے پراسرار وائرس کے باعث ایک روز میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے جب کہ حکومت کی جانب سے وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے نئے اسپتال بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹون کے دوران کورونا وائرس سے 73 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے زیادہ تر ہلاکتیں ہوبئی صوبے میں ہوئی ہیں جب کہ تین افراد تیانگ جنگ، ہی لونگ جیانگ اور گوئز ہو میں ہلاک ہوئے۔ چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 563 ہو گئی ہے۔چین سے ہابر ہانگ کانگ اور فلپائن میں کورونا وائرس کے باعث 2 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 25 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈ ہینم گبریسس کا کہنا ہے کہ وائرس کی روک تھام کے لیے 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم درکار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ رقم بہت ہے لیکن اگر ہم نے کورونا کی روک تھام کے لیے تیاریاں نہ کیں تو یہ رقم بہت کم ثابت ہو گی۔ڈی جی ڈبلیو ایچ او نے بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔