پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں نے نوجوان کی ناک کاٹ دی

  • January 30, 2020, 3:33 pm
  • National News
  • 210 Views

صادق آباد: پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں نے نوجوان کو پکڑ کر اس کی ناک کاٹ دی۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے شہر صادق آباد کے علاقے چوک بہادر پور میں پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی ناک کاٹ ڈالی۔

ناک کٹنے پر متاثرہ نوجوان کو تشویش ناک حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا، نوجوان کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ 15 سے زائد افراد نے احمد علی کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ نوجوان کے ورثا نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق زخمی نوجوان احمد علی نے ڈیڑھ سال قبل ملزمان محمد اکرم، عارف و دیگر کی ہمشیرہ سمیرا بی بی سے پسند کی شادی کی تھی، جس کی رنجش انھوں نے دل میں رکھی، گزشتہ روز موقع ملتے ہی ملزمان نے اپنے ہی بہنوئی کو اغوا کر کے اس کی ناک کاٹ دی۔

ملزمان نے نوجوان کو اغوا کرنے کے بعد اس پر آہنی راڈ اور اینٹوں سے بھی تشدد کیا، بعد ازاں اسے شدید زخمی حالت میں سڑک کنارے پھینک کر فرار ہو گئے۔ نوجوان کے بہنوئی کی مدعیت میں تھانہ صدر صادق آباد میں اغوا اور اقدام قتل کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، جس کے بعد پولیس نے اپنی کارروائی شروع کر دی ہے۔

صادق آباد پولیس کے مطابق ڈی پی او نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے، پولیس نے 3 مرکزی ملزمان عارف، آصف اور سراج کو گرفتار کر لیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، ڈی پی او نے مقامی پولیس کو مقدمہ میرٹ پر فائل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔