اس سے پہلے ہم مر جائیں، ہمیں یہاں سے نکالا جائے، چین میں پھنسے طالبعلموں کا پیغام

  • January 30, 2020, 12:11 pm
  • Health News
  • 153 Views

ووہان: کرونا وائرس کے نتیجے میں چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں کا کہنا ہے کہ یہاں دن بہ دن حالات خراب ہورہے ہیں ہمیں یہاں سے نکالا جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چین میں پھنسے پاکستانی طالب علموں ملک واپسی کی راہ دیکھ رہے ہیں، طالب علم ندیم بھٹی اور ندیم عباس کا کہنا ہے کہ اس وقت ووہان میں صورت حال بہت گھمبیر ہے، دوسرے ممالک اپنے شہریوں کو لے جاچکے ہیں ہم یہاں پھنسے ہوئے ہیں ہمیں نکالا جائے۔

ندیم بھٹی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کمروں کو آئسولیٹ کردیا گیا، پورا شہر بند ہے، روڈ، ریلوے اسٹیشن، ہوائی اڈے، ٹیکسی سب بند ہیں، اسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں، وائرس نے تباہی مچادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائرس روزانہ کی بنیاد پر بڑھتا جارہا ہے، ہزاروں لوگ شکار ہورہے ہیں، اس وقت ووہان میں 500 سے زائد پاکستانی طالب علم موجود ہیں، امریکا، ملائیشیا، آسٹریلیا، ترکی، بھارت ودیگر ملکوں نے اسپیشل پروازیں بھیجیں، ہمیں نکالنے کے لیے ابھی تک پاکستان کی جانب سے کوئی مدد نہیں بھیجی گئی۔


ندیم بھٹی نے حکومت سے درخواست کی کہ ہمیں یہاں سے جلد از جلد نکالیں۔

ایک اور طالب علم ندیم عباس کا کہنا تھا کہ کل میری یونیورسٹی کے 4 طالب علموں میں کرونا وائرس پایا گیا، چاروں طالب علم تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل ہیں۔

ندیم عباس کے مطابق ہم نے پاکستان اور ایمبیسی سے رابطہ کیا ہے، یہاں دن بہ دن حالات خراب ہورہے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس بیماری کا شکار ہوچکے ہیں، اس سے ہلے ہم اس مرض کا شکار ہوکر مرجائیں یہاں سے نکالا جائے، یونیورسٹی نے ہمیں چائنا چھوڑنے کے لیے ای میل کی ہے۔