وفاقی حکومت کا ’’کامیاب دکاندارپراجیکٹ‘‘ شروع کرنےکا فیصلہ

  • January 28, 2020, 2:45 pm
  • Business News
  • 159 Views

حکومت نے کامیاب دکاندار پراجیکٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب دکاندار پراجیکٹ میں ایک لاکھ سے50 لاکھ تک قرض دیا جائے گا، کامیاب جوان پروگرام اور کامیاب دکاندارپراجیکٹ کا مقصد روزگار فراہم کرنا ہے، 30ارب کی لاگت سے نوجوانوں کو ہنرسکھانے کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے۔
انہوں نے گورنرہاؤس سندھ میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پراجیکٹ شروع کریں گے۔ ابتدائی طور پر1 سے50 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا۔ حکومت معیشت کو بہتر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، وزیراعظم کا پیغام واضح ہے جو کام نہیں کرے گا وہ تبدیل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سے تقریبا 1 لاکھ نوجوانوں نے اپلائی کیا تھا۔

کامیاب جوان پروگرام کا بنیادی مقصد روزگار میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے 30 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے تقریبا 15 ہزار کے قریب نوجوانوں نے بزنس پلان دیا، کئی نوجوانوں نے اپلائی کیا مگر ان کے پاس بزنس پلان نہیں تھا۔ نوجوان پورے بزنس پلان کے ساتھ اپلائی کریں یہ آپ کا پیسہ ہے۔
10 ارب روپے سندھ کے نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے ملیں گے۔ مزید برآں وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے نوجوانوں کی زندگی بدلے گی۔ پاکستان کے تاریخ ساز قرضے اور خسارے ورثے میں ملے ہیں۔ جس کے باعث ملک کو بچانے کیلئے تاریخ ساز مشکل فیصلے کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ بہت بڑا پروگرام شروع کیا ہے، جس سے پاکستان کی دنیا میں عزت بڑھی ہے۔ تمام اقدامات اور فیصلوں کا محور پاکستان کے عوام ہیں۔ مشکل فیصلے عوام کی حالت بہتر کرنے کیلئے جا رہے ہیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کیا ہے، حکومت نے اقتصادی فیصلے عوام کی بہتری کیلئے کیے اور حکومت نے امپورٹ کم اور ایکسپورٹ بڑھائی ہیں۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں6 ارب ڈالر کا اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔ کامیاب جوان پروگرام کیلئے بجٹ کی کوئی کمی نہیں۔ نوجوان کامیاب ہوں گے توملک کامیاب ہوگا۔ دنیا میں وہی ممالک آگے بڑھے جنہوں نے اپنے لوگوں پرتوجہ دی۔ کامیاب جوان پروگرام میں 10 لاکھ درخواستوں میں 2 لاکھ درخواستیں خواتین کی ہیں۔