یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

  • January 28, 2020, 2:44 pm
  • Business News
  • 228 Views

ملک میں یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 9.98 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا خوشگوار اثر پاکستان پر بھی پڑے گا۔ ذرائع وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ ماہ کی نسبت 9.98 ڈالر فی بیرل کم ہو گئی ہیں۔ برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 58.17 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے اسی طرح کروٹ آئل ڈبلیو ٹی آئی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 52.59 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ گزشتہ ماہ عالمی منڈی برنٹ آئل میں خام تیل کی قیمت 68.15 ڈالر تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کی آئل مارکیٹ میں بھی یکم فروری سے تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
واضح رہے حکومت نے یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، نو ٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 61 پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 25 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔ لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 10 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ مزید برآں تحریک انصاف حکومت نے ایک سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ حکومت نے ایک سال میں پٹرولیم منصوعات کی قیمت میں 23 روپے 02 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جس کے بعد پٹرول 90 روپے97 پیسے سے بڑھ کر113روپے99 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔ 2019ء کے دوران پٹرول کی قیمت میں 23 روپے 2 پیسے اضافہ ہوا۔