معصوم فاطمہ نور کی لاش 2 روز بعد مل گئی، والدین غم سے نڈھال

  • January 27, 2020, 12:09 pm
  • National News
  • 256 Views

کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ولیکا چورنگی کے قریب نالے میں ڈوبنے والی بچی کی لاش مل گئی، 4 سالہ فاطمہ نور 2 روز قبل نالے میں گر کر ڈوب گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل چار سالہ معصوم بچی فاطمہ نور سائٹ ایریا میں ایک نالے میں کھیل کے دوران گر کر ڈوب گئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کر کے نکال لی ہے۔

پولیس کے مطابق لاش ڈوبنے والے مقام سے کچھ فاصلے سے ملی ہے، پانی میں رہنے کے باعث لاش خراب ہو گئی ہے، گزشتہ روز ریسکیو آپریشن کی ناکامی پر بچی کے والد کے کہنے پر آپریشن روک دیا گیا تھا تاہم علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کر رہے تھے۔

ولیکا چورنگی کے قریب گندے نالے کے اوپر بنے ہوئے پرانے اور ٹوٹے ہوئے خراب پل سے پہلے بھی کئی بچے کھیلتے ہوئے گر کر جاں بحق ہو چکے ہیں، تاہم انتظامیہ نے آج تک اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔

متوفی فاطمہ نور کے والد کا بچی کی لاش ملنے کے بعد کہنا تھا کہ ہفتے کے روز تین سے چار بچے کے درمیان ان کی بیٹی نالے میں گری تھی، آج صبح تقریباً 7 بجے کے قریب ایک جاننے والے کو لاش ملی، لاش کی حالت بہت خراب ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 بچوں میں سے فاطمہ نور چوتھے نمبر پر تھی اور ابھی اسکول میں بھی داخل نہیں ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ پہلے بھی کراچی میں مختلف علاقوں میں غیر محفوظ گندے نالے والدین سے ان کے لخت جگر چھین چکے ہیں، لیکن مقامی انتظامیہ کو تاحال انسانی جانوں کے انمول ہونے کا احساس نہیں ہو سکا ہے۔