وزیراعلیٰ بلوچستان اور اسپیکر میں اختلافات ختم؛ جام کمال برقرار رہیں گے

  • January 27, 2020, 12:07 pm
  • National News
  • 192 Views

بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال اور اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔

اختلافات ختم کرانے کیلئے اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور دیگر کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ جام کمال اور قدوس بزنجو کے درمیان معاملہ حل ہوگیا ہے، تمام مسائل کو مل کر حل کریں گے، اب بلوچستان اسمبلی اور حکومت کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم جام کمال کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، لہٰذا جام کمال ہی بلوچستان کے وزیر اعلیٰ رہیں گے۔
اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا وزیر اعظم نے اتحادیوں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی بنائی ہے، پنجاب اور بلوچستان کے سیاسی مسائل حل کر لئے گئے ہیں، پارٹی میں ڈسپلن قائم کیا ہے جو ناگزیر ہے، پارٹی ڈسپلن کیخلاف پبلک میں جا کر بدنامی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تو کرنا پڑے گی، پی ٹی آئی حکومت کو اتنے مسائل نہیں ہیں جتنے میڈیا بیان کر رہا ہے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہم چاہتے ہیں صوبے کے مسائل وہیں حل ہوں، سب نے میری بات سنی اور معاملات کے حل کے لیے کمیٹی بنائی گئی، ہم چاہتے ہیں مضبوط پاکستان کیلئے کام کریں، سب نے مسئلے کو حل کرنے کے لیے خلوص نیت سے کام کیا، بلوچستان عوامی پارٹی پاکستان کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، چیرمین سینیٹ کوئٹہ آئیں گے پارٹی کمیٹی بنائیں گے۔

واضح رہے گزشتہ دنوں اسپیکر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آئے اور اسپیکر نے جام کمال، صوبائی وزیر خزانہ اور سینیٹر سرفراز بگٹی کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحاریک استحقاق جمع کرائی تھیں تاہم اب جام کمال اور عبدالقدوس بزنجو کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔