بلوچستان :برفباری کے دوران حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے امداد کااعلان

  • January 23, 2020, 2:26 pm
  • National News
  • 183 Views

وفاقی حکومت نے بلوچستان میں برفباری کے باعث ہونے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے اہلخانہ کیلئے پانچ لاکھ، ہر زخمی اور ہر تباہ ہونے والے گھر کی بحالی کیلئے پچاس پچاس ہزار روپے کی امداد کااعلان کیاہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ اپنے خون کے دیئے جلا کر ملک میں امن کی شمع روشن کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا امید ہے کہ سکیورٹی فورسز اور عوام ملک و صوبے کیلئے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاوزیراعظم بلوچستان کی ترقی کو اہم سمجھتے ہیں۔بلوچستان حکومت صوبے کی ترقی اور خوشحالی اور مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔صحت، تعلیم، خورا، معیشت اور دیگر تمام بنیادی منصوبوں اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت اپنی تمام تر توانائیاں صرف کررہی ہے۔حکومت بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی صلاحیتوں سے ملک و قوم کی خوشحالی کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا وزیراعظم نے عالمی سطح پر واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں ہونے والی کسی بھی جنگ میں حصے دار نہیں بنے گا۔کسی اور ملک کے مفاد کیلئے پاکستان اپنے مفادات کو قربان نہیں کرے گا، عوامی امنگوں کے مطابق عمران خان عوامی خواہشات کی تعبیربن رہے ہیں۔

د نیا بھرمیں سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھانے کاوعدہ کرنے والے عمران خان کو ملنے والی عالمی پذیرائی بتاتی ہے کہ دنیا میں پاکستان کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا وزیراعظم نے تاریخ کے کم ترین بجٹ میں بیرون ملک دورے کئے۔انہوں نے بلوچستان دورے کی آمد کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا یہاں آنے کا مقصد برفباری کے باعث ہونے والے حادثات میں جاں بحق اور زخمیوں کیلئے ریلیف پیکج کااعلان کرنا ہے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس پیکج کو عوام تک پہنچایاجائے،انہوں نے کہا صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر حادثات میں جاں بحق ہونے والے بیس افراد میں سے ہر فرد کے اہلخانہ کو پانچ لاکھ جبکہ ستائیس زخمیوں میں سے ہر زخمی کو پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔حادثات سے متاثرہونے والے گھروں کی بحالی کیلئے بھی پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت امداد کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری کیلئے دس لاکھ ڈالرکی لاگت سے جدید آلات خریدے جائیں گے۔