بھول جائیں کے اس مرتبہ سردی کا موسم ختم ہو گا، محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ

  • January 23, 2020, 12:59 pm
  • Weather News
  • 397 Views

بھول جائیں کے اس مرتبہ سردی کا موسم ختم ہو گا، محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ، رواں برس دسمبر کے ماہ میں ریکارڈ سردی پڑی، فروری اور مارچ کے ماہ میں معمول سے زیادہ بارشوں اور برفباری ہونے کی صورت میں سردی کے موسم کا دورانیہ طویل ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جہاں ملک بھر میں رواں برس سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، وہیں معتدل موسم کیلئے مشہور کراچی شہر میں بھی سردی کی شدت بہت زیادہ رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس کراچی میں موسم سرما کی مدت قدرت طویل ہو سکتی ہے۔ 27 سے 29جنوری کے دوران شہر میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
عمومی طور پر کراچی میں موسم سرما فروری کے پہلے ہفتے کے بعد ختم ہونا شروع ہو جاتا ہے، تاہم اس مرتبہ سردی کے موسم کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی میں سردی کی ایک اور لہر 27جنوری کو آسکتی ہے اور ساتھ ہی بارشوں کے دو سے تین سلسلے آنے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں سخت سردی کی لہر برقرار ہے اور شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت منفی 20 تک گرگیا، موسم کا حل بتانے والوں نے کہا ہے کہ سردی کی یہ لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں علی الصبح اور دیر رات میں دھند جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی صبح اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15 ڈگری، اسلام آباد میں ایک، پشاور میں 14، لاہور میں 7 جبکہ کوئٹہ میں منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیاسخت سردی کے باوجود سیاح ملک کے شمالی علاقوں میں موجود ہیں اور وہ برفباری سے لطف اندوز ہورہے ہیں.خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک میں سردی کی شدید ترین لہر دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق ہوئے تھے آزاد کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے علاقوں میں ہونے والی تیز بارش و برف باری کے باعث تقریباً 100 شہری جان کی بازی ہار گئے تھے۔