کراچی ، اغواء کاروں نے 8 سالہ بچے کی آنکھ میں ایلفی ڈال دی

  • January 6, 2020, 4:37 pm
  • National News
  • 215 Views

کراچی کے علاقہ کورنگی عوامی کالونی میں نامعلوم افراد نے 8 سالہ بچے کی آنکھ میں ایلفی ڈال دی۔ ایلفی ڈالنے کے بعد بچے کو دوبارہ علاقہ میں چھوڑ کر نامعلوم افراد فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق 8 سالہ عبدالحنان کو کل صبح ابراہیم حیدری کے الیس گھوٹھ سے اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد اس کی آنکھوں میں ایلفی ڈال کر اسے کورنگی کالونی میں چھوڑ دیا گیا۔
پولیس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بچے کو سڑک کنارے چھوڑ دیا گیا تھا جس کے بعد شہریوں نے بچے کو آنکھوں کے اسپتال منتقل کردیا۔شہریوں کی جانب سے اس کی آنکھوں کی صفائی کروا کربچے کو صارم برنی ٹرسٹ بھیج دیاگیا اور پولیس کو اطلاع کر دی گئی۔پولیس نے مزید بتایا کہ بچے کے گھر والوں کی جانب سے گزشتہ روز بچے کی گمشدگی کی رپورٹ لکھوائی گئی تھی ۔
بچے کے صارم برنی ٹرسٹ میں موجود ہونے کی خبر ملنے پر پولیس نے بچے کے گھر والوں سے رابطہ کیا اور بچے کو والدین کے حوالے کر دیا۔صارم برنی ٹرسٹ کے سربراہ صارم برنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عوامی کالونی کے لوگوں کی وجہ سے یہ بچہ ہم تک پہنچا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے پاس اس نوعیت کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔صارم برنی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اغواہ کرنے والے کا آنکھ میں ایلفی ڈالنے کا ایک ہی مقصد ہو سکتا ہے کہ بچہ انہیں پہچان نہ سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اغواہ کار کوئی جاننے والا ہی ہو سکتا ہے جسے اپنی شناخت کا ڈر ہو۔بچے کی والدہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عبد الحنان گزشتہ صبح 8 بجے گھر سے نکلا تھا جس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔ انہوں نے مزید بتاتے ہوئے کہا کہ میں مزدوری کرتی ہوں، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔ عبدالحنان کے نہ ملنے پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مختلف مسجدوں میں اعلان کروایا لیکن کورنگی پولیس اسٹیشن نے رابطہ کر کے ہمیں ہمارا بچہ لوٹا دیا۔