پی ایس ایل 5،سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان برقرار

  • December 26, 2019, 1:57 pm
  • Sports News
  • 218 Views

پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان میں شیڈول لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے سرفرازاحمد کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔سرفراز احمد اس وقت پی ایس ایل کے کامیاب ترین کپتان مانے جاتے ہیں جن کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا جب کہ گزشتہ سیزن میں انہوں نے کوئٹہ کو چیمپئن بھی بنوایا ،ان کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کے پہلے 4ایڈیشنز میں43میچز کھیلے جن میں سے26میں اسے کامیاب ملی اور16میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا۔
اس سے قبل چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ سرفراز مستقل کپتان رہیں گے ہاں یہ ضرور کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ تک کپتان رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز صرف کراچی کے نہیں بلکہ پاکستان کے کپتان تھے۔چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کی سکیورٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دکھا دیا کہ پاکستان محفوظ ہے اب اگر کسی کو مسئلہ ہے تو وہ ہمیں ثابت کرکے دکھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کرکٹ کمیٹی کو بڑھا رہے ہیں، چاہتے کہ تمام صوبوں کے اراکین کو کمیٹی کا حصہ بنایا جائے، مجھے ایسے لوگ چاہئیں جو پاکستان کرکٹ کی بہتری کی بات کریں۔احسان مانی نے کہا کہ ایسی کمیٹی بنانے کا مقصد ہے کہ کرکٹ کمیٹی تگڑی ہو جو پی سی بی اور کپتان کو چیلنج کرے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس وقت ہمارا سب سے بڑا مسئلہ پچز کا ہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ اچھی وکٹیں بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ سیریز اپنے ہوم گراﺅنڈ میں کھیلے گا۔