حکومت خصوصی عدالت کے فیصلے کو چینلج کرنے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتی

  • December 24, 2019, 2:38 pm
  • National News
  • 167 Views

حکومت خصوصی عدالت کے فیصلے کو چینلج کرنے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتی

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سابق صدر پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کی جانب سے سنگین غداری کیس میں ملنے والی سزائے موت کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کے معاملے میں گومگو کا شکار ہے۔حکومت نہ صرف پشاورر ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد سیٹھ کے خلاف صدارتی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ نہیں کر پا رہی ہے بلکہ وہ خصوصی عدالت کے فیصلے کو چینلج کرنے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتی۔
تاہم حکومتی عہدیدار اس سے قبل میڈیا بیانات میں حکومت کی جانب سے صدارتی ریفرنس اور اپیل دائر کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔پی ٹی آئی کے اندر قانونی اور سیاسی وجوہات کی بنا پر خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی سخت مخالفت کی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی لحاظ سے ایسا کرنا پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کے لیے سبکی کا باعث ہوگا جو ماضی میں پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس چلانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
تحریک انصاف کے ایک حصہ کا کہنا ہے کہ قانونی لحاظ سے حکومت کیسے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتی ہے جب کہ وہ خود اس کیس میں شکایت کنندہ ہے۔پرویز مشرف کے وکیل بھی فیصلے کے خلاف اپیل کی تیاری کر رہے ہیں جو رواں ہفتے تیار کی جائے گی۔بعض حکومتی عہدیدار چاہتے ہیں کہ یہ کیس معروف وکیل مخدودم علی خان کو دیا جائے۔جب کہ دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف اپنے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چند دوستوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے قومی اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف عدالتی فیصلے پر جلد ردِعمل کا اظہار کریں گے۔اسلام آباد میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف اس ضمن میں کچھ دوستوں سے مشاورت کر رہے ہیں،توقع ہے کہ عدالتی فیصلے پر ان کی جانب سے جد ردِعمل سامنے آئے گا۔