اے پی ایم ایل کا پرویز مشرف کیخلاف فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

  • December 18, 2019, 12:35 pm
  • National News
  • 125 Views

اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کے عدالتی فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

جنرل سیکرٹری اے پی ایم ایل مہرین ملک نے کہا ہے کہ پرویز مشرف فیصلےکو چیلنج کریں گے اور خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل دائرکی جائےگی۔

قبل ازیں ترجمان اے پی ایم ایل نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئین شکنی کامقدمہ بدنیتی اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے مقدمے میں پرویز مشرف کو نہ سنا گیا اور وکیل کوبھی دفاع کا موقع نہیں دیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف خصوصی عدالت کافیصلہ حیران کن ہے، خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کامؤقف سنے بغیر فیصلہ دیا، پرویز مشرف نے باربار کہا مجھے سنے بغیر فیصلہ نہ دیاجائے جب کہ اس کیس میں اکسانے والوں اور سہولت کاروں کو شامل بھی نہیں کیا گیا کیونکہ ایمرجنسی کا فیصلہ کابینہ، چیف منسٹرز، گورنرز اور کور کمانڈرز کی مشاورت سے کیاتھا۔

دوسری جانب پرویز مشرف کے وکلا سلمان صفدر ودیگر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے وکلا کو بھی نہیں سنا گیا، مشرف کے خلاف فیصلے میں متعلقہ قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے، کیس میں تمام بنیادی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں فیصلہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی کو ایسے مقدمے میں سزا نہیں دی گئی، مقدمے کے استغاثہ کی بنیاد ہی غلط تھی، کابینہ کو آن بورڈ نہیں لیا گیا۔