جی ایچ کیو میں خصوصی کانفرنس طلب کر لی گئی

  • December 17, 2019, 3:46 pm
  • National News
  • 242 Views

خصوصی عدالت نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت سُنا دی ہے۔ جس کے بعد اب جی ایچ کیو میں بھی خصوصی کانفرنس طلب کر لی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سینئیر افسران کے مابین اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے۔خصوصی کانفرنس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پاک فوج سے متعلقہ آئینی و قانونی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔سینئر فوجی قیادت موجودہ ملکی صورتحال پر بھی مشاورت کرے گی۔ سینئر فوجی قیادت سے موجودہ صورتحال پر مشاورت جاری ہے۔اس سے قبل صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا اکہ میری ابھی اسلام آباد بات ہوئی ہے اور پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد راولپنڈی میں اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ ملک میں کئی بار مارشل لاء لگے اور یہ بھی ایمرجنسی میں لگایا گیا۔ کسی آرمی چیف آف سٹاف پر جب یہ الزام لگا دیتے ہیں کہ وہ غدار ہے تو اس کا دنیا میں تاثر بہت عجیب جاتا ہے۔اسی سلسلے میں ایک اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔عارف حمید بھٹی سے سوال کیا گیا کہ اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے یا راولپنڈی میں تو عارف حمید بھٹی نے جواب دیا کہ راولپنڈی میں اجلاس طلب کیا گیا ہے،اسلام آباد والوں کو کیا پتہ انہوں نے ہی تو کیس خراب کیا۔
۔یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007 کو آئین کو معطل کرتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تھی سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور حکومت میں پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم 2 ایک کی اکثریت سے دیا۔ سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007ء کو آئین پامال کیا۔
۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کی جانب سے محفوظ کیے گئے فیصلے کو روکنے کا حکم دیا تھا . عدالت نے حکم دیا تھا کہ وفاقی حکومت غداری کیس کا نیا پراسیکیوٹر تعینات کرے اور خصوصی عدالت تمام فریقین کو سن کر فیصلہ کرے۔