’گولی چلانے والا مریم نواز اور شہباز شریف کا قریبی وکیل ہے‘

  • December 11, 2019, 10:49 pm
  • National News
  • 218 Views

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جس نے مجھ پر حملہ کیا اس کی نشاندہی ہوگئی ہے وہ مریم نواز اور شہباز شریف کا قریبی وکیل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر حملہ کرنے والا ایک وکیل مریم نواز اور شہباز شریف کا قریبی ہے، وکلا کی آڑ میں ن لیگ کے سوشل میڈیا کارکنان نے بدامنی پھیلائی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مجھ پر حملہ اور ہنگامہ آرائی ن لیگ کی سازش تھی، ن لیگ کے کارکنان نے مجھ پر حملہ کیا اور فائرنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ وکلا کی جانب سے مارنے اور اٹھانے کی آوازیں بھی سنیں، پولیس والوں کو جان سے مارنے کے حربے تھے۔


فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جو صورت حال تھی اس میں زندگی داؤ پر لگا کر اسپتال پہنچا تھا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے کہنے پر ڈاکٹرز اور وکلا کے درمیان ثالثی کے لیے گیا تھا۔

واضح رہے کہ وکلا کی جانب سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی اور ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان رپورٹ لینے کے لیے موقع پر پہنچے تو مشتعل وکلاء نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، آج انصاف پسند وکلاء بہت رنجیدہ اور دکھی ہوں گے۔