بلوچستان میں گرفتار 4 خواتین کو رہا کردیا گیا

  • December 10, 2019, 1:26 pm
  • National News
  • 179 Views

بلوچستان کے ضلع آواران سے اسلحہ اور بارودی مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار چار خواتین کو سینٹرل جیل خضدار سے رہا کر دیا گیا ہے۔

جیل حکام کے مطابق آواران سے اسلحہ وگولہ بارود برآمدگی کے الزام میں گرفتار کی جانے والی خواتین حمیدہ، نازل، سکینہ اور سیدہ کو گزشتہ روز رہا کر دیا گیا۔

تینوں خواتین کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا جس پر بلوچستان بھر میں احتجاج ہوا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اغوا کے تین دن بعد نامعلوم اغوا کاروں نے خواتین کو لیویز فورس کے حوالے کیا اور لیویز فورس نے دعویٰ کیا کہ ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

لیویز فورس نے ان خواتین کی ایک تصویر بھی جاری کی جس میں 4 خواتین دیوار کھڑی ہیں اور ان کے سامنے بھاری اسلحہ رکھا ہوا ہے۔

اس اغوا اور ڈرامائی ’گرفتاری‘ پر بلوچستان نیشنل پارٹی سمیت صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں نے احتجاج کیا اور سرداراخترمینگل نے خواتین کی گرفتاری کو اسلامی اور قبائلی روایات سے متصادم قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ میں اسپیکر کے ڈائس کے سامنے دھرنا دیا۔

سردار اختر مینگل نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کو رہا نہ کیا گیا تو وہ حکومتی اتحاد سے الگ ہوجائیں گے جس پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے خواتین کو رہا کرنے سے متعلق رولنگ دی تھی۔

گزشتہ روز مذکورہ خواتین کو خضدار جیل سے رہا کر دیا گیا جس کی تصدیق نہ صرف خضدارجیل حکام نے کی بلکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترمینگل نے ٹویٹ کے ذریعے خواتین کی رہائی کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔