قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نمائندگی رقبے کے حساب سے بڑھانے کا مطالبہ

  • December 6, 2019, 10:49 am
  • Breaking News
  • 151 Views

کوئٹہ: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نمائندگی رقبے کے حساب سے بڑھائی جائے، 800 کلو میٹر سے زائد پر قومی اسمبلی کا صرف ایک حلقہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا۔ رکن صوبائی اسمبلی جان جمالی نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 30 لاکھ ہے، آبادی کے تناسب سے اسمبلی کی نشستیں بڑھائی جائیں۔

رکن بلوچستان اسمبلی نصر اللہ نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے بلوچستان ملک کا 43 فیصد ہے، 342 کے ایوان میں بلوچستان کی نمائندگی صرف 16 نشستوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں بلوچستان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے، وفاقی بجٹ کی منظوری میں بلوچستان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ کوئٹہ سے ڈی جی خان تک بلوچستان کی ایک نشست ہے۔

نصر اللہ کا کہنا تھا کہ 800 کلو میٹر سے زائد پر قومی اسمبلی کا صرف ایک حلقہ ہے۔ کراچی سے مکران بارڈر تک قومی اسمبلی کی ایک نشست ہے۔ ایک رکن قومی اسمبلی 5 سال میں بھی اپنے پورے حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کو آبادی کے بجائے رقبے کی بنیاد پر لایا جائے۔ بلوچستان میں 72 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ نئے صوبوں کے لیے آئین میں بڑی تبدیلی کرنا پڑے گی، آئین کے کئی آرٹیکلز میں ترامیم کرنا ہوگی۔

میر اختر لانگو نے کہا کہ پنجاب میں نئے صوبے سے سینیٹ میں کیسے نمائندگی کا توازن لایا جائے گا۔