خیبرپختونخواہ حکومت کا ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ

  • December 6, 2019, 10:40 am
  • National News
  • 141 Views

پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخواہ حکومت کا ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ، صوبے کے جنوبی اضلاع کیلئے صوبائی دارالحکومت پشاور سے ڈی آئی خان تک تقریباً 340 کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیر کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ایک طویل اور اہم اجلاس میں پشاور سے ڈی آئی خان موٹروے کی الائنمنٹ کی اُصولی منظوری دے دی گئی ۔
مجوزہ الائنمنٹ تقریباً 339 کلومیٹر طویل ہے ، جو 15 انٹر چینجز اور 3ٹنلز پر مشتمل ہے ، جس کے ذریعے جنوبی اضلاع اور تحصیلوں کے آبادی والے تمام دیہات اور قصبوں سمیت ترقی سے محروم علاقوں کو رسائی دی جارہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جنوبی اضلاع کے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے انٹر چینجز کے پلان کو حتمی شکل دی جائے ۔
یہ موٹروے جنوبی اضلاع کیلئے موجودہ حکومت کا ایک بڑا منصوبہ ہے ، جس سے جنوبی خطے کی ترقی کے راستے ہموار ہوں گے اور عوام کو تیز رفتار سفری سہولت میسر آئے گی ۔

یہ موٹروے پشاور میں چمکنی کے مقام سے شروع ہو کر درہ آدم خیل ،کوہاٹ، ہنگو ، کرک ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان تک جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے تقریباً 250ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے اس منصوبے کو جلد شروع کرکے تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ جنوبی اضلاع میں جاری سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کو بھی مختلف انٹر چینجز کے ذریعے ڈی آئی خان موٹر وے سے منسلک کیا جائیگا، جس سے جنوبی اضلاع کے تمام شہروں اور دیہات سمیت ترقی سے محروم علاقوں کو تیز رفتار سفری سہولت میسر آئیگی اور اس کے ساتھ سیاحت و تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ یہ موٹر وے جنوبی اضلاع کی تقدیر بدلنے کے لئے کسی سنگ میل سے کم نہیں ہو گی۔