قومی کھیل کوئٹہ میں منعقد کرنے کیلیے تیاریاں شروع کردی ہیں، جام کمال

  • December 2, 2019, 3:14 pm
  • National News
  • 172 Views

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ ماضی میں پورے ملک خصوصاً بلوچستان میں کھیلوں کا فروغ کھبی کسی حکومت کی ترجیح نہیں رہی تاہم ہمیں ان کھیلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اس لیے قومی کھیل کوئٹہ میں منعقد کرنے کے لیے حکومت نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

کوئٹہ کے نجی ہوٹل میں منعقدہ انٹرنیشنل اسکوائش لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پاکستان نے اسکوائش کے میدانوں میں کافی عرصہ تک دنیا پر حکمرانی کی، ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ اور فٹ بال کے ساتھ اسکوائش، ارچری اور دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دیں، اس لیے اگلے قومی کھیل کوئٹہ میں منعقد ہوں گے جس کے لیے ہماری حکومت نے بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کردیا، حکومت ماسٹر پروگرام کے تحت ہر ضلع میں اسپورٹس کمپلیکس بنا رہی ہے، اسپورٹس کمپلیکس کے اسٹرکچر اور دیگر امور سے متعلق ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ برس ہونے والے بلوچستان انٹرنیشنل اسکوائش لیگ کی کامیابی کو دیکھتے صوبائی حکومت نے بلوچستان انٹرنیشنل اسکوائش لیگ 2 منعقدہ کرنے کا فیصلہ کیا اور رواں سال اسکوائش لیگ کے کھلاڑی ورلڈ نمبر 2 اسکوائش لیگ میں حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انٹرنیشنل اسکوائش لیگ کے انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر ایک مثبت پیغام جائے گا، نوجوان کھلاڑی اور ایسوسی ایشن کھیلوں کے انعقاد اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق ہماری رہنمائی کریں۔

جام کمال نے کہا کہ درحقیقت کھلاڑی اس وقت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے جب اسے اچھے مواقع اور ماحول فراہم کیا جائے، ماضی میں پورے ملک خصوصاً بلوچستان میں کھیلوں کا فروغ کبھی کسی حکومت کی ترجیح نہیں رہی یہی وجہ ہے کہ نیشنل گیمز میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی نہ ہونے کی وجہ ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہ رہی، تاہم ہمیں ان کھیلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے صوبائی حکومت نے صوبے میں پہلی مرتبہ محکمہ کھیل کو جدید خطوط پر استور کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بلوچستان آمد پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا کیا۔