ایڈیلیڈ ٹیسٹ ، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا، اننگ اور 48 رنز سے شکست

  • December 2, 2019, 3:08 pm
  • Sports News
  • 119 Views

ایڈیلیڈ (ویب ڈیسک)آسٹریلیا نے پاکستان کو ایڈیلیڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگ اور 48 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیاہے ۔پاکستان کی پوری ٹیم 239 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئی۔شان مسعود ، اسد شفیق اور محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کیخلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بنانے کے بعد اننگ ڈکلیئر کر دی جس میں وارنر نے نہایت شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 335 رنز کی اننگ کھیلی اور بڑا سکور سجانے میں ٹیم کو بڑی مدد فراہم کی جبکہ وہ ناقابل شکست بھی رہے۔ ان کے بعد مارنوس لامبوشین نے 162 رنز اور سٹیو سمتھ نے 38 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ محمد عباس، ڈیبیوٹنٹ محمد موسیٰ، یاسر شاہ، افتخار احمد اور اظہر علی کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔


آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوارثابت ہوئے اور پوری ٹیم 302 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہو گئی جس میں یاسر شاہ اور بابراعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکا، یاسر شاہ نے 113 اور بابراعظم نے 97 رنز کی اننگ کھیلی ۔یاسر شاہ اور بابراعظم کی شاندار بلے بازی بھی پاکستان کو فالو آن کا شکار ہونے سے نہ بچا پائی ۔


آسٹریلیا نے پاکستان کو فالون آن کروایا اور یوں دوسری اننگ کا آغاز ہوا جس پر پاکستان کی پوری ٹیم 239 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئی جس کے باعث پاکستان کو ایک اننگ اور 48 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور امام الحق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن امام الحق پچھلی اننگ کی طرح اس میں بھی کوئی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور صفر پر ہی لوٹ گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے کپتان اظہر علی نے 9 جبکہ بابراعظم صرف 8 سکور ہی بناسکے ۔چوتھے نمبر پر آنے والے شان مسعود نے 68 رنز بنائے جبکہ اسد شفیق 57 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔