دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا لئے، 493 رنز کا خسارہ باقی

  • November 30, 2019, 10:37 pm
  • Sports News
  • 141 Views

ایڈیلیڈ (ویب ڈیسک) ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے اور پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے مزید 493 رنز کا خسارہ باقی ہے جس کے باعث ناصرف فالوآن کی تلوار لٹکنے لگی ہے بلکہ اننگز کی شکست کے سائے بھی منڈلانے لگے ہیں۔



تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے دوسرے روز 302 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور تین وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ ڈیوڈ وارنر نے انتہائی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 418 گیندوں پر ایک چھکے اور 39 چوکوں کی مدد سے 335 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مارنوس لامبوشین نے 162 رنز بنائے جبکہ سٹیو سمتھ نے 36 اور میتھیو ویڈ نے 38 سکور بنایا۔

پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ محمد عباس، ڈیبیوٹنٹ محمد موسیٰ، یاسر شاہ، افتخار احمد اور اظہر علی کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 589 رنز کے جواب میں اننگز کا آغاز کیا تو بیٹنگ لائن بھی ریت کی دیوار ہی ثابت ہوئی اور 3 کے مجموعی سکور پر ہی پہلی وکٹ گر گئی جس کے بعد کوئی بھی بلے باز وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔ شان مسعود نے 19، امام الحق نے 2، اظہر علی نے 9، اسد شفیق نے 9 اور افتخار احمد نے 10 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان کوئی سکور نہ بنا سکے، بابراعظم 43 اور یاسر شاہ 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 اوورز میں محض 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ پیٹ کومنز اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔