پٹرول کی قیمت 75 روپے فی لیٹر ہے

  • November 27, 2019, 11:33 am
  • National News
  • 205 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : 17 روپے فی کلو ٹماٹر اور 5 روپے فی کلو مٹر کے بعد اب پٹرول 75 روپے فی لیٹر ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عظمیٰ کاردار نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں پٹرول 75 روپے فی لیٹر ہے جو 114 روپے 24 پیسے پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ پٹرول کی قیمت سے متعلق رپورٹر کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کیا۔
عظمیٰ کاردار کے اس دعوے کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد مہنگائی میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اپنی حکومت کے نمائندے ہی اشیائے خوردو نوش اور اہم اشیا کی اصل قیمتوں سے ناواقف ہیں۔
ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں جس نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا۔ اس معاملے پر 11 نومبر کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ کراچی کی سبزی منڈی میں ٹماٹر17 روپے فی کلو ہے، میڈیا والے جائیں اور جاکر وہاں چیک کرلیں، حکومت چیزوں کی قیمتوں کو کنٹرول کررہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کراچی کی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت 17 روپے فی کلو ہے۔
جس کے بعد 12 نومبر کو وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مٹر کی قیمت کے حوالے سے دعویٰ کیا اور کہا کہ 100روپے کلو والا مٹر 5 روپے کلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے مجھے بتایا کہ مٹر کی 20 کلو کی بوری 5 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہوتی ہے یعنی 1 کلو مٹر 5 روپے میں کسان بیچتا ہے لیکن بازار جا کر مٹر 100روپے میں بکتا ہے۔ بعد ازاں غلام سرور خان نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ کاشت کار سے مٹر 5 روپےکلو خرید کر عوام کو100 روپےکلو بیچا جاتا ہے، کاشت کار پوراسال اتنا نہیں کماتا جتنا آڑھتی ایک دن میں کما لیتا ہے۔ خیال رہے کہ حکومتی نمائندوں کے اس قسم کے دعوے حکمران جماعت کے لیے تمسخر کا باعث بنتے ہیں۔