ایران کے بعد افغانستان سے بھی ٹماٹر پاکستان پہنچ گئے

  • November 25, 2019, 3:12 pm
  • National News
  • 244 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک) ایران کے بعد افغانستان سے بھی ٹماٹر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ دوممالک سے ٹماٹر ملک کی منڈیوں میں آنے سے ٹماٹر کی قیمت میں کمی آئی ہے تاہم ابھی ملک کے زیادہ تر علاقوں میں یہ ٹماٹر نہیں پہنچا اس لیے ان علاقوں میں ٹماٹر کی قیمت زیادہ ہے۔ تاحال بلوچستان میں ٹماٹر پہنچ گیا ہے جس کے بعد ٹماٹر 90سے 120روپے روپے کلو مل رہا ہے۔
ایران اور افغانستان سے آنے والے 2سو سے زائد کنٹینرز کو کسٹم کلئیرنس مل گئی ہے جبکہ 50مزید ٹرک بارڈر پر موجود ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹروں کی درآمد سے کوئٹہ میں قیمتوں میں کمی آئی ہے ہزار گنجی سبزی منڈی میں ٹماٹر90سی110روپے فی کلو میں فروخت کیاجارہا ہے شہر میں ٹماٹر 150 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے جبکہ افغانستان سے افغانی ٹماٹروں کی درآمد جاری صدر چمن سبزی مارکیٹ سعد اللہ کے مطابق مقامی فصل کی 20 کلو ٹماٹر کی ٹوکری 14 سو روپے میں فروخت ہورہی ہے توبہ اچکزئی اورپہاڑی علاقوں سے بھی ٹماٹر مارکیٹ میں آرہے ہیں مارکیٹ میں 20 کلو ٹماٹر کی ٹوکری 16 سو روپے میں فروخت ہوئی ۔
دوسری جانب عوام کیلئے ایک اور خوشخبری ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقے سوات میں ٹماٹر کی نئی فصل تیار ہو گئی ہے۔ جو چند روز میں مُلک بھر کی منڈیوں میں پہنچ جائے گی۔ جس کے بعد ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہو جانے کا بھرپور امکان ہے۔ اس وقت بھی سوات کے کچھ علاقوں سے پاکستان بھر میں محدود پیمانے پر ٹماٹر کی سپلائی جاری ہے۔ سوات وہ علاقہ ہے جہاں ایک سال کے دوران ٹماٹر کی فصل دوبار تیار ہوتی ہے جس کا تخمینہ سالانہ 65 ہزار سے 70 ہزار میٹرک ٹن لگایا جاتا ہے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دو روز سے سوات میں پکنے والے ٹماٹروں کی یومیہ 5 ہزار میٹرک ٹن سپلائی پُورے ملک میں شروع ہو گئی ہے۔ جس کے بعد ٹماٹروں کی قیمتیں معمول پر آنے کا امکان ہے۔وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے بھی کہا ہے کہ مالاکنڈ کے ٹماٹر مارکیٹ میں آنے پر قیمتیں گر جائیں گی۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ جب تک قیمت کم نہیں ہوتی عوام دہی استعمال کریں۔