"مہنگائی کم کرنے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے" حکومت نے دوٹوک اعلان کردیا

  • November 25, 2019, 1:04 pm
  • National News
  • 126 Views

لاہور(ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ مہگائی بہت بڑا مسئلہ ہے جسے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مہنگائی کم کرنے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹر میں منعقدہ تین روزہ 11 ویں انٹیرئیرز پاکستان بین الاقوامی میگا نمائش کے اختتامی روز تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

میڈیا سے گفتگو میں عبدالرزاق دائود کا کہنا تھا کہحکومت صنعت کاروں اور کاروباری برادری کو منافع بخش مراعات کے ذریعے ملک کے معاشی استحکام، برآمدات میں اضافہ اور درآمد میں کمی کیلئے پالیسی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے لئے مقامی برانڈز کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے پی ایف سی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ فرنیچر انڈسٹری کے کارکنان اعلیٰ مہارتوں اور صلاحیتوں سے مالامال ہیں اور اگر ان کا درست استعمال کیا جائے تو پاکستان فرنیچر کا بہترین برآمد کنندہ بن سکتا ہے۔

اس موقع پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے نمائش کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر مشیر برائے تجارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے اور موجودہ معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے حکومت کو مکمل مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کسے پاکستان عالمی بینک کے کاروباری آسانیوں کے انڈیکس میں 28 درجے اوپر آگیا۔