پی ٹی آئی کے بڑے لوگ پارٹی چھوڑنے والے ہیں

  • November 25, 2019, 11:53 am
  • National News
  • 194 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار ہارون الرشید نے انکشاف کیا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے بڑے لوگ پارٹی چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جہانگیرترین بھی ناراض ہیں، یہ بحث ہورہی ہے کہ ایک ترمیم لائی جائے جس میں نوازشریف بھی اہل ہوجائیں اورجہانگیرترین بھی اہل ہو جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جذبات پر قابو رکھ سکتے ہیں اورنہ کوئی چیز راز رکھ سکتے ہیں۔ ناروے میں ایک شخص نے قرآن پاک کو جلانے کی کوشش کی لیکن اس کے ساتھ پورا معاشرہ نہیں کھڑا، اب مغرب کو خود اس کی اصلاح کرنا ہوگی وہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے سبق سیکھیں۔ ہمارا حال بھی تو بہت بُرا ہے ہم برائے نام مسلمان ہیں، 2000 تک 52 فیصد خود کش حملے سری لنکا میں ہوتے تھے ۔
ناروے کی حکومت کو سوچنا چاہئیے کہ وہ ایسے لوگوں کی حمایت کیوں کرتے ہیں جو کسی کے مذہبی معاملات میں مداخلت کریں۔ موجودہ سیاسی حالات سے متعلق بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی والے چاہتے ہیں کہ زرداری کو ریلیف مل جائے لیکن جیسے جیسے ردعمل بڑھے گا تو حکومت کو آصف زرداری کو کراچی بھیجنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مریم نواز باہرچلی جائیں گی۔ سارے معاملات حمزہ شہباز دیکھیں گے لیکن جیسے حالات سازگار ہوں گے تو وہ باہر سے واپس آجائیں گی اورسیاست کریں گی۔ واضح رہے کہ اس وقت سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے ملک سے باہر ہیں جبکہ مریم نواز کا پاسپورٹ لاہور ہائیکورٹ کی تحویل میں ہے ، دوسری جانب آصف علی زرداری کی طبیعت بھی بدستور ناساز ہے اور حکومت کے اتحادیوں نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دے رکھا ہے۔ ایسی سیاسی صورتحال میں کابینہ میں بھی مزید تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔