ہالینڈ کی ملکہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں

  • November 25, 2019, 11:12 am
  • Entertainment News
  • 133 Views

اسلام آباد: ہالینڈ کی ملکہ میکسیما 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، دورے کے دوران ملکہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کی ملکہ میکسیما 6 رکنی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔ وزارت خارجہ اور ہالینڈ سفارت خانے کے حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ملکہ میکسیما کا استقبال کیا۔

ہالینڈ کی ملکہ دورے کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کے علاوہ سرکاری اور نجی شعبوں کے شراکت داروں سے بھی بات چیت کریں گی۔ ملکہ میکسیما مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے اسٹیٹ بینک کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔

ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کی خصوصی ترجمان برائے مالیاتی ترقی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں ملکہ کے دورے کا مقصد پاکستان کے لیے مالیاتی ترقی، قرضوں کی فراہمی اور اس سے متعلق دیگر منصوبوں پر بات چیت اور مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے۔