جامعہ بلوچستان کی گرانٹ میں100کروڑ کا اضافہ

  • November 20, 2019, 11:49 am
  • National News
  • 171 Views

بلوچستان کے وزیراعلی جام کمال خان نے بلوچستان یونیورسٹی کی گرانٹ پچاس کروڑ سے بڑھا کر ڈیڑھ سو کروڑ روپے کرنے کا اعلان کردیا۔

بلوچستان یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر طلباء نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ طلباء نے یونیورسٹی کے متعلقہ امور، وسائل اور اس سے متعلق پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے موثر حل کی درخواست کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ یہ یونیورسٹی ہم سب کی ہے۔ اس کے مسائل کو حل کرنے اور متعلقہ امور کے احسن انداز سے چلانے سے بلوچستان کے اس تعلیمی ادارے میں بہتری آئے گی۔ اگر یہ ادارہ موثر ہوگا تو اس کا مثبت اثر بلوچستان کے لوگوں پر پڑے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی مرتبہ موجودہ حکومت نے یونیورسٹی کی گرانٹ کو 50 کروڑ سے بڑھا کر ڈیڑھ سو کروڑ روپے کیا ہے کیونکہ اس میں پڑھنے والے طلباء وطالبات ہمارے بچے ہیں۔ ان کی تعلیمی سہولیات جتنی بہتر ہوں گی تو نتائج بھی خاطر خواہ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان یونیورسٹی کے حالیہ ویڈیو اسکینڈل سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل دنیا میں بہت سے جگہوں پر جنم لیتے ہیں اور آپ کے بھی ایسے خدشات ہیں۔ لیکن بلوچستان میں پیدا ہونے والے اس واقعہ کا سب سے موثر حل قانونی طریقہ ہے اور اس حوالے سے ہم تمام متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہیں۔ ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔