ملک بھر کے نادرا دفاتر میں جمعہ کا روز خواتین کے لیے مختص

  • November 18, 2019, 9:21 pm
  • Breaking News
  • 170 Views

اسلام اباد : ترجمان وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ نادرا دفاتر میں جمعہ کا روز خواتین کے لیے مختص کردیا گیا ہے، بجلی کے بل کی ادائیگیوں کیلئے صارفین کو10روز کا وقت ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ پی ایم آفس کو پیش کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں عوامی فلاح بہبود کے64نئے اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے35اقدامات پر عمل درآمد شروع ہوگیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بغیراضافی چارجز ترسیلات زرموصول ہونا شروع ہوگئے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے خاندانوں کو رقوم بھیج رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق سرکاری ٹی وی کا کسانوں کی رہنمائی کیلئے خصوصی وقت مقرر کردیا گیا، سرکاری ٹی وی موسم کے بارے میں خبروں کیلئے وقت مختص کرے گا۔

وزارت خارجہ نے غیرملکی پاکستانیوں کو بھی سہولتیں دینا شروع کردیں، سفارت خانوں میں کیو مینجمنٹ سسٹم متعارف کرادیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق خواتین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں پھیلے نادرا کے دفاترمیں خواتین کے لئے خصوصی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، نادرا دفاتر میں جمعہ کا روز خواتین کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جھوٹی اور بےبنیاد خبروں کے تدارک کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، ایسی خبروں کی نشاندہی کے لئے ای لیٹر کا اجراء کیا جارہا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے عوام کو معاشی صورت حال سے بروقت آگاہ رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، معاشی خبروں سے متعلق وزارت میں خصوصی سیل قائم کیا جائے گا، بجلی کے بل کی ادائیگیوں کیلئے صارفین کو10روز کا وقت ملے گا۔