دنیاکا ہرباشندہ اوسطاً 32500 امریکی ڈالر کا مقروض ہوجائے گا،اقتصادی ماہرین

  • November 18, 2019, 12:07 pm
  • Business News
  • 95 Views

قرضوں کا عالمی حجم رواں سال 255 ٹریلین ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کا امکان، دنیاکا ہرباشندہ اوسطاً 32500 امریکی ڈالر کا مقروض ہوجائے گا،اقتصادی ماہرین


لندن ۔ (ویب ڈیسک) اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں حاصل کردہ قرضوں کا مجموعی حجم رواں سال کے آخر تک 255 ٹریلین ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ جائے گا،یہ رقم کل سالانہ عالمی اقتصادی پیداوار کے تین گنا کے برابر ہے، اس سے قرہ ارض کی 7.7 ارب آبادی کا ہرباشندہ اوسطاً 32500 امریکی ڈالر کا مقروض ہوجائے گا۔
یہ بات لندن کے انسٹیٹوٹ آف انٹرنیشنل فنانس کے ماہرین نے اپنی حالیہ جائزہ رپورٹ میں کہی۔انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قرضوں کے حصول میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس سے رواں سال کے آخر تک عالمی سطح پر حاصل کردہ قرضوں کا مجموعی حجم 255 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔انھوں نے کہا کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران دنیا بھر میں 7.5 ٹریلین ڈالر کے قرضے حاصل کیے گئے ہیں جو اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ قرضوں کے حصول کی رفتار کم ہونے کے کوئی امکانات نہیں۔
قرضوں میں 60 فیصد سے زیادہ اضافہ امریکی و چینی حکومتوں کی جانب سے قرض کے حصول کے باعث ہوا جن کے قرضوں حجم رواں سال کے آخر تک 70 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانڈز مارکیٹ میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اس مارکیٹ کا حجم 2009 ء میں 87 ٹریلین ڈالر کی سطح پر تھا جو اب بڑھ کر 115 ٹریلین ڈالر پر آچکا ہے۔بانڈ ز کے ذریعے حکومتی قرضوں کا حجم جو 2009 ء میں 40 فیصد تھا اب بڑھ کر کل بانڈز قرضوں کے 47 فیصد پر پہنچ چکا ہے۔