فضل الرحمان کی 2020ء سے قبل ہی الیکشن کی پیشگوئی

  • November 14, 2019, 10:31 pm
  • National News
  • 105 Views

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ 2020ء سے قبل ہی الیکشن دیکھ رہا ہوں، کوشش ہے ملک میں صحتمند اور خودمختار جمہوریت آئے، معاملے کو تشدد کی طرف نہ لیکر جایا جائے، انتظامیہ احتیاط سے کام لے احتجاج ہمارا حق ہے، نوازشریف کے معاملے پر غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے جانے پر شرط لگانے کی مخالفت کردی، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو عہدے کے مطابق بڑا دل رکھ کر فیصلہ کرنا چاہئے، نواز شریف کو بغیر کسی شرط کے بیرون ملک جانے دینا چاہئے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سے سینیٹر طلحہ محمود کے گھر پر ہونیوالی ملاقات ختم ہوگئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزادی مارچ کے دوران چوہدری برادران کوشش کرتے رہے کہ کوئی حل نکل آئے، ہم اپنی جگہ پر قائم ہیں، حکومت بھی استعفی نہ دینے کے مؤقف پر قائم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران سمجھتے ہیں اتنا بڑا اجتماع پُرامن نہیں دیکھا، ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں کارکن جمع ہوئے اور سیاست میں نئی روایت کی بنیاد ڈالی، کوشش ہے ملک میں صحتمند اور خودمختار جمہوریت آئے، ایسا نہ ہو کہ عوام کچھ اور فیصلہ دیں اور نتیجہ کچھ اور آئے، عدالتی اور قانونی حدود کا خیال رکھ کر آزادی مارچ اور احتجاج کیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مزید کہتے ہیں کہ نواز شریف کے معاملے پر غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے، آزادی مارچ کو جاری رکھے ہوئے ہیں، ملک بھر میں کی تمام بڑی شاہراہوں پر اجتماع شروع ہوچکے ہیں، مسافروں، ایمبولینسوں اور ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ دینے کا کہا ہے۔ فضل الرحمان نے انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ احتیاط سے کام لے، معاملے کو تشدد کی طرف نہ لیکر جایا جائے، احتجاج ہمارا حق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹماٹر 300 روپے فی کلو مل رہا ہو تو عوام کیا کرے گی، چوہدری شجاعت کے کل کے بیان پر شکر گزار ہوں، کل چوہدری صاحب نے عمران خان کو کہا ایسے حالات نہ بناؤ کہ کوئی وزیراعظم بننے کو تیار نہ ہو، 2020ء دور کی بات ہے، اس سے پہلے ہی الیکشن دیکھ رہا ہوں۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا کہ مولوی اور پولیس ایک ساتھ ہوں اور لڑائی نہ ہو، مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں، ایسا نظام لایا جائے جو عوام کی توقعات پر پورا اترے، نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجاذت دی جائے، عمران خان کو عہدے کے مطابق بڑا دل رکھ کر فیصلہ کرنا چاہئے، نواز شریف کو بغیر کسی شرط کے بیرون ملک علاج کیلئے بھیجا جائے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے جے یو آئی رہنماء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ مولانا فض فضل الرحمان واحد اپوزیشن لیڈر ہیں، مولانا کی جماعت کا ڈسپلن قابل دید تھا، پہلے دھرنوں میں گولی بھی چلی، لوگ بھی زخمی ہوئے، مگر یہاں انہی کے لوگ صفائی بھی کرتے رہے۔