شاہراہوں کی بندش جے یوآئی (ف) کاغیرضروری اقدام ہے،ضیاء لانگو

  • November 14, 2019, 10:27 pm
  • National News
  • 139 Views

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا ہے کہ سازشوں سے ہوشیار رہنے اور اتحاد کی ضروت جتنی آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی، جے یو آئی (ف) کارکنوں کی جانب سے شاہراہوں کی بندش غیر ضروری اقدام ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کہا کہ شاہراہوں کو بلاک کرنا قیام امن اور ملک کی سلامتی و یکجہتی کیلئے انتہائی خطرناک ہے، احمقانہ تصور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی توانائیاں صرف نہیں کرنی چاہئیں، ایسے اقدامات سے ناصرف ملک میں افراتفری پھیلے گی بلکہ اس عمل سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکر رہ جائے گی۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے ملک کی موجودہ صورتحال خراب ہونے کا احتمال ہو، اہم ایشوز کو سیاسی مفادات کے حصول کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس سے قومی یکجہتی کا فروغ اور مسائل و چیلنجز کا حل ممکن نہیں۔

صوبائی وزیر میر ضیا لانگو نے مزید کہا کہ شاہراہ کو بلاک کرنا عوامی مسائل کا حل نہیں، عوام کو روزگار، آسودگی، تحفظ کی ضرورت ہے جو موجودہ حکومت انہیں فراہم کر رہی ہے، لہٰذا ہمیں تمام تر توانائیوں اور وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کرنی چاہئیں، ملک اس قسم کے مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہمارا دین و مذہب بھی اس بات کی مخالفت کرتا ہے کہ کسی مسافر کا راستہ نہیں روکنا چاہئے۔