دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر شوہر کا بیوی کو باندھ کر وحشیانہ تشدد

  • November 14, 2019, 10:18 pm
  • National News
  • 106 Views

جڑانوالہ / لاہور : دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر شوہر نے بیوی پر تشدد کرکے اسے زخمی کردیا، جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک خاتون قتل دوسری زخمی ہوگئی، پولیس نے واقعات کی رپورٹ درج کرلی۔

تفصیلات کے مطابق شوہر کو دوسری شادی کی اجازت نہ دینا بیوی کو مہنگا پڑگیا، جڑانوالہ کے چک نمبر101کے رہائشی ملزم علی اصغرعرف عباس نے اپنی اہلیہ سے دوسری شادی کی اجازت طلب کی۔

اس دوران دونوں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس پر طیش میں آکر ملزم علی اصغر نے اہلیہ نسرین پر بہیمانہ تشدد کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نسرین کے چہرے اور کمر پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں، جڑانوالہ کی تھانہ صدر پولیس نے زخمی خاتون کا طبی معائنہ کرالیا۔

اس حوالے سے متاثرہ خاتون نسرین نے پولیس کا بیان دیا کہ میرا خاوند دوسری شادی کی اجازت کیلئے مجھ پر دباؤ ڈالتا تھا، اجازت نہ دینے پر رسی سے باندھ کر تشدد کیا گیا۔

علاوہ ازیں لاہورکے علاقے مناواں میں فائرنگ سے دو خواتین زخمی ہوگئیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک خاتون دم توڑ گئی، فائرنگ سے زخمی دوسری خاتون رضیہ بی بی اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے فریقین کے مابین پراپرٹی کی بابت تنازع چل رہا ہے جس کی وجہ سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ وقارگجر نامی شخص اور اس کے ساتھیوں نے کی۔

ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان وقار گجر و دیگر کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جنہیں جلد گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا، مقدمہ کے اندراج کے لیے خواتین سے درخواست بھی لے لی گئی تھی۔