پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے کھل گئے

  • November 14, 2019, 5:15 pm
  • Sports News
  • 120 Views

سری لنکن ٹیم پر حملے کے 10 سال بعد اب اسی ٹیم کے دورے کے ساتھ پاکستان میں بھی ٹیسٹ کرکٹ بحال ہونے جارہی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے،‏ قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلے گی۔ ‏سری لنکن ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی، ‏آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔

‏پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ‏دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔‏ چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ ایشلے ڈی سلوا کا کہناہے کہ ہم ایک بار پھر دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں، یقین ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے یہاں کنڈیشنز سازگار ہیں، ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ سخت ہوگا، شائقین کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
دوسری جانب ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے سری لنکن بورڈ کی جانب سے سیریز کی تصدیق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے پر سری لنکن کرکٹ کے مشکور ہیں،‏سیریز کے لیے معیاری انتظامات کیے جائیں گے۔