اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

  • November 14, 2019, 5:08 pm
  • National News
  • 94 Views

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، سوات، دیر بالا، کوہاٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، غذر، ژوب، پشاور، مالا کنڈ، بٹگرام اور صوابی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 96 کلو میٹر گہرائی میں آیا جبکہ اس کی شدت 5.4 تھی، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

خیال رہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل 5.8 شدت کے زلزلے نے آزاد کشمیر میں بے پناہ تباہی مچائی تھی۔ 24 ستمبر کو آنے والے زلزلے کے جھٹکے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلے سے میر پور آزاد کشمیر کا علاقہ جاتلاں سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں جبکہ کچھ عمارتیں بھی منہدم ہوئیں۔

زلزلے سے 40 افراد جاں بحق جبکہ 800 سے زیادہ زخمی ہوئے، زلزلے کے باعث 450 گھر بھی متاثر ہوئے۔


Comments