جے یو آئی نے چھتر پلین کے مقام پر شاہراہ قراقرم بلاک کر دی

  • November 14, 2019, 5:08 pm
  • National News
  • 111 Views

مانسہرہ: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) نے پلان بی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، مانسہرہ، چھترپلین کے مقام پر شاہراہ قراقرم بلاک کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے کارکنان نے چھتر پلین کے مقام پر شاہراہ قراقرم بلاک کر دی ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر لکی مروت میں بھی جے یو آئی کارکنان نے انڈس ہائی وے بنوں لنک روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، مالاکنڈ میں بھی جے یو آئی کارکنان نے پل چوکی کے مقام پر مین شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی۔

نوشہرہ میں کارکنان نے حکیم آباد میں جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جے یو آئی کارکنوں نے حب ریور روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، جس سے سندھ بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل ہو گیا اورمسافروں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، سکھر میں بھی کارکنوں نے قومی شاہراہ بلاک کر دی ہے، گھوٹکی میں دھرنا دیا گیا ہے جس سے قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے۔

واضح رہے کہ آج جمیعت علمائے اسلام ف نے پلان بی کے تحت سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں شاہراہیں بند کرنا شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں کارکنوں کو ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے جا چکے ہیں۔

گزشتہ روز کوئٹہ چمن شاہراہ پر بھی جے یو آئی کارکنان نے دھرنا دے شاہراہ بند کر دی تھی، جس کے باعث ٹریفک کا شدید مسئلہ پیدا ہوا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں بن گئیں اور لوگ سات گھنٹوں سے زائد شاہراہ پر پریشان پھنسے رہے۔

پشین، قلعہ عبداللہ کے اسسٹنٹ کمشنر نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات بھی کیے لیکن ناکام رہے، دھرنا دینے والے کارکنان شاہراہ کھولنے پر راضی نہیں ہوئے۔ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بھی معطل ہو گئی تھی۔