35 سال میں اپنے لیے ایک اسپتال نہ بنا سکے تو غریب کا کیا حال ہوگا: مراد سعید

  • November 14, 2019, 5:07 pm
  • National News
  • 93 Views

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے منی لانڈرنگ کا مرکزی کردار اسحٰق ڈار، شہباز شریف کا داماد، حسن اور حسین نواز مفرور اور ملک سے باہر ہیں۔ شریف خاندان کے لوگ واپس نہیں آئے یہ ثبوت ہے۔ 35 سال میں اپنے لیے اسپتال نہیں بنا سکے تو غریبوں کا کیا حال ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج تحریک انصاف کے اسٹوڈنٹس کا یوم تاسیس ہے، ہم جیسے نوجوان کچھ خواب لے کر سیاست میں آئے، دو نہیں ایک پاکستان نعرہ نہیں ہمارا ایمان ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، میں کہتا ہوں ووٹر کو عزت دو۔ اس ووٹر کو عزت دو جو بھوکا ہے، بے روزگار ہے۔ جو تعلیم سے محروم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کمیٹیز کی میٹنگ ہوتی ہے تو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے، ایک سال تک کمیٹی نہیں بنی کہ غداری اور کرپشن کے کیسز چل رہے تھے۔ کمیٹیز کام نہیں کرتی تو قانون سازی نہیں ہوتی۔ ایسا کرنے سے ہاؤس نہیں چلتا جب ہاؤس نہیں چلتا تو ملک نہیں چلتا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ اللہ کو گواہ کر کے بیان دیتا ہوں وزیر اعظم نے صحت پر سیاست نہ کرنے کے لیے کہا، خواجہ آصف بتائیں وزیر اعظم کی باتیں کہاں سے لا رہے ہیں۔ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے 5 ججز نے سزا سنائی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر وہ نااہل قرار پائے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو نواز شریف کی جان اور صحت پیاری ہے یا پیسہ؟ آپ نواز شریف کی ضمانت دے دیں اور باہر چلے جائیں۔ غریب سوال کرتا ہے ایک اسپتال نہیں بنا جو آپ کا علاج کر سکے۔ 35 سال میں اپنے لیے اسپتال نہیں بنا سکے تو غریبوں کا کیا حال ہوگا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ لاہور کے ایک اسپتال میں ٹھنڈے فرش پر ایک شخص نے جان دی، سندھ میں کتے کے کاٹے سے سسک سسک کر لوگ مر رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کا مرکزی کردار اسحٰق ڈار مفرور ہے، شہباز شریف کا داماد بھی مفرور ہے۔ حسن اور حسین نواز مفرور اور ملک سے باہر ہیں۔ شریف خاندان کے لوگ واپس نہیں آئے یہ ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کی آواز اقوام متحدہ میں بلند کی، وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں مدینے کی ریاست کی بات کی۔ کارکے کیس میں پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر جرمانہ تھا، وزیر اعظم عمران خان کی بدولت یہ 1.2 ارب ڈالر بچا لیا گیا۔ 4600 سے زائد پاکستان سعودی جیل سے رہا ہوئے۔ ریکوڈک کیس میں بھی پاکستان کو جلد خوشخبری ملے گی، اس کیس میں جلد پاکستان کا 6 بلین ڈالر کا نقصان بھی بچ جائے گا۔