خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا

  • November 14, 2019, 1:33 pm
  • Business News
  • 111 Views

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں وزیر ریلوے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا ہے، ریلوے آمدن میں 9.96 فی صد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارتِ ریلوے سے متعلق تحریری جواب پیش کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، مالی سال 2018-19 کے دوران ریلوے کی آمدن میں 9.96 فی صد اضافہ ہوا۔

ریلوے کو گزشتہ مالی سال میں 4938 ملین روپے کی اضافی آمدن ہوئی تھی، 2018-19 میں ریلوے کے سالانہ اخراجات میں بھی 1085 ملین کی کمی ہوئی۔

قومی اسمبلی کے وقفۂ سوالات میں وفاقی پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہا کہ تیز گام ٹرین حادثے میں 75 سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے، حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے، اصل وجوہ چند روز میں سامنے آ جائیں گی، جیسے ہی تحقیقات مکمل ہوں گی تو ایوان کے سامنے لے آئیں گے۔

پیپلز پارٹی کے رکن منور تالپور نے سوال کیا کہ ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے کو برطرف کیوں نہیں کیا گیا، وزیر اعظم نے خود کہا تھا کہ ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے کو مستعفی ہونا چاہیے، جس پر فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر ریلوے کے استعفے کی بات تب کریں جب پہلے کوئی مثال قائم کی گئی ہو۔