مولانا کا دماغی توازن متاثر ہوگیا انہیں ماہر نفسیات کی ضرورت ہے، شوکت یوسفزئی

  • November 13, 2019, 9:53 pm
  • Political News
  • 117 Views

پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان حواس باختہ ہو چکے ہیں ان کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کریں۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخواہ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس حکومت کے خلاف احتجاج کا کوئی جواز نہیں، وہ پہلے دن سے ہی انتشار پھیلانے کے منصوبے بنا رہے تھے لیکن انہیں پہلے ان کے حلقے کے عوام نے مسترد کیا اور دوبارہ عوام نے ان کے بیانیے کو مسترد کیا اور انہیں شکست ہوئی اور ان کا دھرنا بھی ناکام ہو گیا۔

صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان حواس باختہ ہو چکے ہیں ان کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کریں، ان کا دماغی توازن متاثر ہوا ہے ان کو ایک اچھے سائیکاٹرسٹ کی ضرورت ہے، وہ اپنی شکست کا بدلہ پورے پاکستان سے لینا چاہتے ہیں، سڑکیں بند کرنے سے عوام کو تکلیف ہوگی۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اور اب مشکل دور گزر گیا، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور عوام کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے، لیکن مولانا فضل الرحمان سیاسی انتشار پھیلا کر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں، پرامن احتجاج کی پہلے ہی حکومت اجازت دے چکی ہے لیکن قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔