ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور

  • November 13, 2019, 12:42 pm
  • National News
  • 72 Views

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیٹی نے باہمی قانونی معاونت ترمیمی بل 2019 منظور کر لیا، کمیٹی کے بیش تر ارکان نے بل کی حمایت کی تاہم پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔

سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ بل انتہائی ضروری ہے، بل ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کو نکلنے میں مدد دے گا۔

دوسری طرف پی پی رکن عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ یہ دیکھنا پڑے گا کہ کہیں بل سے سیاسی مقاصد تو حاصل نہیں ہوں گے، کیوں کہ اس بل سے متعلق پہلے دن ہی سے اختلاف تھا کہ اس سے سیاسی فوائد حاصل ہوں گے، یہ بھی دیکھا جائے جس ملک سے معاہدہ ہو وہ یک طرفہ نہ ہو۔

سیکریٹری داخلہ نے جواب میں کہا کہ مجوزہ بل کے سیکشن 8 کے تحت یہ کسی طور بھی یک طرفہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر برائے معاشی امور حماد اظہر نے عندیہ تھا کہ پاکستان 2020 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے سے وائٹ لسٹ میں آجائے گا۔ رواں ماہ یکم نومبر کو چین نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کی، اور کہا کہ ایف اے ٹی ایف رکن ممالک کے ساتھ مل کر پاکستان کو مزید تعاون اور مدد فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے۔