تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، آپریشن معطل، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر

  • November 13, 2019, 11:10 am
  • Political News
  • 79 Views

کراچی : کینٹ اسٹیشن پر تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، ٹرین کی روانگی میں6گھنٹے اور گرین لائن کی روانگی میں دو گھنٹے تاخیر ہوئی، اسٹیشن پر موجود مسافر اذیت میں مبتلا رہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، بوگیاں پٹری سے اترنے سے ٹرین آپریشن معطل ہوگیا، ٹرین اچانک پٹری سے اتری تاہم واقعے میں عملے کے افراد یا مسافروں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

کینٹ اسٹیشن پر تیزگام کی روانگی میں6گھنٹے اور گرین لائن کی روانگی میں دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی، ٹرین آپریشن معطل ہونے سے خیبرمیل کی روانگی میں دو گھنٹے تاخیر کے باعث اسٹیشن پر موجود مسافر پریشانی کا شکار رہے، کینٹ استیشن پر ریلوے کا کوئی افسر اسٹیشن پرموجود نہیں تھا۔

ایکٹنگ ڈی سی او کومل جمالی فیڈرل ریلوے انسپکٹر کے استقبال کیلئے حیدرآباد روانہ ہوگئیں، واضح رہے کہ کینٹ واشنگ لائن میں ایک ہی دن میں دو گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کے واقعات پیش آئے، اس سے قبل کراچی ایکسپریس دوپہر کے وقت اور تیز گام شام کو پٹری سےاتری تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل17 اکتوبر کو ریل کار کی دو بوگیاں سوہاوا ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی تھیں، جس کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت معطل بھی ہوگئی تھی۔

31اکتوبر کو بھی کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔