جے یو آئی کا اہم اجلاس، ملک بھر کی اہم شاہراہیں بلاک کرنے کا فیصلہ

  • November 12, 2019, 8:38 pm
  • Political News
  • 134 Views

اسلام آباد : جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی کے اہم اجلاس میں ملک بھرکی اہم شاہراہیں بلاک کرنے اور مارچ جاری رکھنے کافیصلہ کیا گیا، حتمی فیصلہ پیپرورک کی روشنی میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی کا اہم اجلاس ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جےیوآئی کے اجلاس میں پلان بی کو حتمی شکل دیدی گئی، مولانا فضل الرحمان نے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے صوبائی امیروں نے پلان بی کی تیاری پربریفنگ دی، مولانا فضل الرحمان کا چاروں امیروں کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اجلاس میں ملک بھرکی اہم شاہراہیں بلاک کرنےاور مارچ جاری رکھنے کافیصلہ کیا گیا، صوبائی امرا نے تجاویز دے دیں،حتمی فیصلہ پیپرورک کی روشنی میں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تمام پلان کو دستاویزی شکل دی جارہی ہے، سندھ ، بلوچستان ، کے پی، پنجاب میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی اور راولپنڈی ، اسلام آباد میں بھی اہم مقامات پر لاک ڈاؤن پلان میں شامل ہیں، فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمان جلسہ گاہ میں کریں گے۔

جے یو آئی کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ پلان بی کے تحت معاشی حب کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے دے سکتا ہے، ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی اقدامات مکمل کئے جائیں۔

واضح رہے کہ آزادی مارچ اور دھرنے سے مطلوبہ مقاصد پورے نہ ہونے پر جے یو آئی ف نے نئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہےجس کے مطابق جے یو آئی ف پیر سے ملک بھر کی شاہراہیں، موٹرویز اور ہائی ویزبند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے اس فیصلے پر ان کا ساتھ دینے کے دعوے کرنے والی جماعتیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے منہ موڑ لیا تھا۔

بعد ازاں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی نے کہا تھا کہ پیرہو یامنگل ہم پلان بی پرعمل کریں گے۔