جے یو آئی (ف) کا پلان بی ، کراچی میں 13 مقامات پر دھرنوں کا امکان

  • November 12, 2019, 4:03 pm
  • Political News
  • 112 Views

اسلام آباد : ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ پلان بی کے تحت معاشی حب کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے دے سکتا ہے، ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی اقدامات مکمل کئے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے پلان بی کے تحت احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر میں وسیع کرنے کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی ساوتھ اور سٹی کو خط لکھ دیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کراچی میں مظاہرے کرسکتا ہے، انتہائی باوثوق ذرائع سے دھرنوں کی خبر موصول ہوئی ہے، معاشی حب کراچی میں13مقامات پر دھرنے دیئےجائیں گے، ممکنہ طور پر ساوتھ زون میں پانچ مقامات پر احتجاجی دھرنے منعقد کئے جاسکتے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئل ٹرمینل کے اخراجی اور داخلی راستوں پر دھرنا دیا جاسکتا ہے، آئی سی آئی پل ، میری ویدر ٹاور، تین تلوار پر دھرنا دیا جاسکتا ہے، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس گشت اور سرویلنس بڑھائی جائے اور پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیکیورٹی سہولیات بروئے کار لائے۔

واضح رہے کہ آزادی مارچ اور دھرنے سے مطلوبہ مقاصد پورے نہ ہونے پر جے یو آئی ف نے نئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہےجس کے مطابق جے یو آئی ف پیر سے ملک بھر کی شاہراہیں، موٹرویز اور ہائی ویزبند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے اس فیصلے پر ان کا ساتھ دینے کے دعوے کرنے والی جماعتیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے منہ موڑ لیا تھا۔

بعد ازاں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی نے کہا تھا کہ پیرہو یامنگل ہم پلان بی پرعمل کریں گے۔