پاک فضائیہ کے میوزم میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا مجسمہ نصب

  • November 12, 2019, 3:39 pm
  • Health News
  • 145 Views

کراچی : پاک فضائیہ نے پی ایف میوزم میں بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کا مجسمہ نصب کردیا ، پاک فضائیہ کے شاہنیوں نے ابھی نندن کا جہاز گراکر اسے گرفتار کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارت کے تباہ طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کا مجسمہ پی اے ایف میوزیم کراچی میں نصب کردیا گیا جبکہ ابھی نندن کے نام سے گیلری قائم کی گئی، جس کا افتتاح ایئر چیف نے 6 نومبر کو کیا تھا۔

پی اے ایف میوزیم میں ابھی نندن گیلری ہر خاص و عام کے لیے کھول دی ہے، اس حصے میں ابھی نندن کا باوردی مجسمہ، اس کے زیر استعمال نقشے، گھڑی اور یونیفارم کے کچھ حصے اور دیگر سامان کے علاوہ تباہ شدہ جہاز کی باقیات بھی رکھی گئی ہیں۔

ابھی نندن کے مجسمے میں ایک پاکستانی فوجی نے انھیں اپنی تحویل میں لیا ہوا ہے جبکہ چائے کا ایک کپ ساتھ ہی رکھا گیا ہے۔

یاد ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر 27 فروری کو ابھی نندن کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں گرایا تھا، جس کے بعد اُسے زندہ گرفتار کیا گیا تھا۔

بعد ازاں پاک فوج کے ترجمان نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا، جس میں اُس نے خود کو ونگ کمانڈر اور اپنا بیچ نمبر بھی بتایا تھا، ابھی نندن نے پاک فوج کے پروفیشنل ازم کی تعریف کرتے ہوئے اپنی فوج کر مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی اسی نظم و ضبط کے تحت چلیں۔

وزیر اعظم پاکستان نے 28 فروری کو بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اُسے یکم مارچ کو لاہور واہگہ بارڈر سیکٹر سے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا تھا، پاکستان کے اس اقدام کو دنیا بھرمیں سراہا گیا تھا۔