پاکستان نے پیغام رسانی کے لیے اپنی ایپلی کیشن لانے کا فیصلہ کر لیا

  • November 12, 2019, 3:25 pm
  • Science & Technology News
  • 149 Views

سرکاری اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور معلومات کے تبادلے کے لیے واٹس اور پیغام رسانی کے لیے''گورنمنٹ ایپ'' نامی ایپلی کیشن تیار کی جائے گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : دنیا بھر میں معروف مسیجنگ سروس واٹس ایپ ہونے کے باوجود پاکستان نے پیغام رسانی کے لیے اپنی ایپلی کیشن لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور معلومات کے تبادلے کے لیے واٹس اور پیغام رسانی کی دیگر ایپلی کیشنز کی جگہ'' گورنمنٹ ایپ'' نامی ایپلی کیشنز تیار کی جائے گی۔
''گورنمنٹ ایپ'' کو واٹس ایپ، فیس بک مسینجر اور وائبر جیسی پیغام رسانی کی دیگر ایپلی کیشنز کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا اور اس کا ڈیٹا سرور بھی حکومت پاکستان کے پاس ہوگا۔ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معلومات کی چوری اور ڈیٹا ہیک سے بچنے کے لیے حکومت پاکستان اپنی اپیلی کیشن تیار کرے گی۔
حکومت پاکستان کے اس فیصلے پر ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ باہمی رابطوں کی اپنی ایپلی کیشن بنانا پاکستان کی جانب سے غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے کیونکہ ایک حکومت معلومات کی چوری جیسا نقصان کبھی بھی برداشت نہیں کر سکتی۔ ''گورنمنٹ ایپ'' سے شیئر ہونے والی تمام معلومات پر وفاقی حکومت کا کنٹرول ہوگا۔ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے حکومت کو کافی فائدہ ہو گا اور معلومات کی چوری کا امکان کم ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ حکومت اس ایپلی کیشن کا استعمال کرنے والوں کو باقاعدہ طور پر مانیٹر بھی کر سکے گی جبکہ موبائل صارفین نے حکومت کے اس فیصلے پر ملے جُلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ واٹس ایپ ، فیس بُک مسینجر جیسی ایپلی کیشن کا استعمال چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ''گورنمنٹ ایپ'' کو استعمال کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اس کی کوالٹی اور رسپانسو ہونے پر ہی کیا جا سکے گا۔