وفاقی حکومت نے آئندہ الیکشن میں بائیو میٹرک لانے کا عندیہ دے دیا

  • November 11, 2019, 9:14 pm
  • National News
  • 110 Views

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم لانے کا عندیہ دے دیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے سوال کیا کہ کیا آئندہ عام انتخابات بائیومیٹرک نظام کے تحت ہوں گے کیونکہ ضمنی انتخابات میں نظام کی وجہ سے بہترین نتائج سامنے آئے۔

لیگی رکن اسمبلی کے سوال پر تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ ’’قانون سازی ہوگئی تو آئندہ عام انتخابات بائیو میٹرک نظام کے تحت ہوسکتے ہیں‘‘۔

خیال رہے کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 2018 کے عام انتخابات میں جدید نظام بائیو میٹرک اور ای وی ایم کے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے لیے کروڑوں روپے خرچ ہوئے تھے۔ سابق حکومت نے کروڑوں روپے کے مشینری کو درآمد کیا مگر اُسے استعمال نہ کیا گیا جس کی وجہ سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا تھا۔

بائیو میٹرک سسٹم

دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹنگ ہوتی ہے، بھارت میں ہونے والے حالیہ لوک سبھا کے انتخابات میں بھی جدید سسٹم استعمال کیا گیا تھا جبکہ امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں یہ نظام کئی سالوں سے استعمال ہورہا ہے۔

بائیومیٹرک مشین استعمال کرنے سے بیلٹ پیپر استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی جبکہ اس سے شفاف انتخابات کا عمل بھی یقینی ہوتا ہے اور دھاندلی کا کوئی تصور نہیں ہوتا کیونکہ ووٹر کے فنگر پرنٹ میچ کرنے پر ووٹ کاسٹ کیا جاسکتا ہے۔