وزیراعظم سٹیزن پورٹل نے کامیابی کی مثال قائم کردی

  • November 11, 2019, 9:10 pm
  • National News
  • 100 Views

اسلام آباد: وزیراعظم سٹیزن پورٹل نے کامیابی کی مثال قائم کردی، کتنی شکایات درج اور کتنی حل ہوئیں ایک سالہ کارکردگی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ تیار کرلی گئی جس کے مطابق سٹیزن پورٹل نے شہریوں کی 87 فیصد سے زائد شکایات حل کرادیں۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم سٹیزن پورٹل میں 14 لاکھ 28 ہزار 810 شکایات درج کرائی گئیں، سٹیزن پورٹل انتظامیہ نے 12 لاکھ 54 ہزار 363 شکایات حل کرادیں۔

رپورٹ کے مطابق سٹیزن پورٹل کے 40 فیصد شکایت کنندگان شکایات کا ازالہ ہونے پر مطمئن ہیں، پورٹل انتظامیہ نے 27 وزارتوں کے سیکریٹریز کو ریڈ لیٹرز جاری کیے۔

دستاویزات کے مطابق ڈیڑھ لاکھ سے زائد شکایت کنندگان نے مثبت تاثرات بھیجے ہیں، سب سے زیادہ پنجاب اور اسلام آباد کے شہریوں نے شکایات درج کرائیں۔

وزیراعظم سٹیرن پورٹل کا ایک سال مکمل ہونے پر جلد بڑی تقریب منعقد کی جائے گی، وزیراعظم عمران خان تقریب میں سٹیزن پورٹل کی کارکردگی رپورٹ جاری کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا تھا۔

وزیر اعظم آفس کا کہنا تھا کہ کمیٹی متعین افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ جمع کرائے گی، یہ کمیٹی بہترین اور بدترین کارکردگی کے ذمہ داران کے تعین کے ساتھ ساتھ حل، غیر حل شدہ شکایات میں خامیوں کی نشان دہی بھی کرے گی۔