مودی حکومت نے سرینگر کا نام تبدیل کرکے شیونگر رکھ دیا، مشعال ملک

  • November 11, 2019, 9:08 pm
  • World News
  • 100 Views

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے سرینگر کا نام تبدیل کرکے شیو نگر رکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیر کی پہچان ختم کرنے کی ایک اور سازش کرتے ہوئے سرینگر کا نام تبدیل کرکے شیونگر رکھ دیا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی حکومت کھیلوں کے میدان کے نام بھی تبدیل کررہی ہے، شیرکشمیر اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے سردار پٹیل اسٹیڈیم رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی پہچان چھیننے پر تلی ہوئی ہے، بھارت کشمیریوں کی تاریخ مٹانا چاہتا ہے، اقوام متحدہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی حکومت نے تین ماہ سے کشمیریوں کو گھروں میں قید کررکھا ہے، عالمی ضمیر نہ جاگا تو کشمیریوں کی تاریخ تک مٹادی جائے گی۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کی نسل کشی اور کشمیریوں کی پہچان چھیننے کا نوٹس لیا جائے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بابری مسجد کیس کے فیصلے پر مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد کیس پر فیصلہ انصاف کا خون ہے، بھارتی عدالت کے فیصلے سے مودی سرکار کا انتہا پسند چہرہ بے نقاب ہوگیا۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اقلیتوں کومذہبی آزادی اورسہولیات دے رہا ہے، مودی سرکار نے بھارت میں اقلیتوں پرعرصہ حیات تنگ کررکھا ہے، بھارت کی سب سے بڑی عدالت بھی انتہا پسندوں کے آگے بے بس ہے۔