چارجنگ کے دوران موبائل فون پھٹ گیا، 22 سالہ نوجوان ہلاک

  • November 11, 2019, 9:06 pm
  • Science & Technology News
  • 162 Views

ممبئی: بھارت میں چارجنگ کے دوران موبائل پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اوڈیشا کے ضلع جگت سنگھ پور میں چارجنگ کے دوران موبائل فون پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان کنا پردھان ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کنا پردھان کا تعلق نیاگڑھ ضلع کے رانپور گاؤں سے ہے وہ پیشے کے اعتبار سے مزدور تھا اور جگت ناتھ مندر کی تعمیر کے سلسلے میں مزدوری پر آیا ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل فون دھماکے سے اس وقت پھٹا جب کنا پردھان شہر میں اسموگ کے سبب کام رک جانے کی وجہ سے موبائل فون چارجنگ پر لگا کر سو رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق موبائل فون کے دھماکے کے صحیح وقت کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔

جگت ناتھ ٹرک ایسوسی ایشن کے مالک کا کہنا ہے کہ مجھے صبح 5 بجے دوسرے مزدوروں کی جانب سے حادثے کی اطلاع دی گئی تو میں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور پولیس کو فون کیا۔

ایس پی جگت سنگھ پور آر پرکاش کا کہنا ہے کہ پردھان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے غیرفطری موت کی ایف آئی درج کرلی ہے تاہم ڈاکٹر کی رپورٹ آنے کے بعد ہی مزید کارروائی کی جاسکے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں ممبئی میں شہری ہوٹل میں کھانا کھا رہا تھا کہ اچانک جیب میں موبائل فون پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا تھا۔