ایران نے تیل کا بڑا ذخیرہ دریافت کرنے کا دعویٰ کردیا

  • November 11, 2019, 1:35 pm
  • Business News
  • 127 Views

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 53 ارب بیرل خام تیل کے ذخائر دریافت کیے ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے سرکاری ٹی وی پر تیل کے ذخائر برآمد ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تیل کے نئے ذخائر ملک کے 150 ارب بیرل ذخائر کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے بتایا کہ یہ آئل فیلڈ ملک کے جنوبی صوبے خزستان میں واقع ہے۔

اس موقع حسن روحانی نے امریکا کو للکارتے ہوئے کہا کہ میں وائٹ ہاؤس کو بتانا چاہتاہوں کہ ان دنوں میں جب امریکا نے ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی عائد کی تو ہمارے ملک کے انجینئرز اور مزدور 53 ارب بیرل تیل کی تلاش کیلئے تیار تھے۔

عرب میڈیا کا کہناہےکہ ایران خام تیل رکھنے والا اس وقت دنیا کا چوتھا اور قدرتی گیس رکھنے والا دوسرا بڑا ملک ہے جب کہ برآمد ہونے والی نئی آئل فیلڈ آہواز کی 65 ارب بیرل کی آئل فیلڈ کے بعد ایران کی دوسری بڑی آئل فیلڈ بن سکتی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق نئی آئل فیلڈ 2400 اسکوائر کلو میٹر ہے اور اس کی گہرائی 80 میٹر ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران کے نئے تیل کے ذخائر کے اعلان پر عالمی ماہر کا کہنا ہےکہ ایران نے اپنے اعلان میں یہ نہیں بتایا کہ ان ذخائر سے تیل کی کتنی پیداوار کی جاسکتی ہے، یہ اعلان سیاسی سطح پر کیا گیا ہے اور اس حوالے سے ایران نے کوئی تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔