ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

  • November 11, 2019, 11:55 am
  • Weather News
  • 150 Views

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بعض مقامات میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ کوئٹہ، ژوب، کوئٹہ اور چاغی میں ہلکی بارش، برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک ،قلات میں منفی 2 اور زیارت میں منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج صبح مطلع صاف رہا تاہم خنکی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم جزوی ابرآلود رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اورنومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔